کوئٹہ(پ ر) مہتمم مدرسۃ البنات بلوچستان و ممبر رؤیت ہلال کمیٹی ڈاکٹر قاری عبدالرشید نے کہاہے کہ نیو ائیر خرافات کا اسلام میں کوئی تصور نہیں ہے بلکہ اس سے بے حیائی آوارگی اور جنسی بے راہ روی عام ہو رہی ہے انہوں نے کہا کہ نیو ائیر کی تقریبات نے پوری دنیا کی ثقافت پر برے اثر چھوڑے ہیں نوجوان غیر اسلامی افعال میں ملوث ہو کر اپنے ایمان کو برباد کرتے ہیں اور اس کے ساتھ سڑکوں،چوراہوں پر آتش بازی ،فائرنگ اور دیگر حیا سوز افعال کے ساتھ نئے سال کا استقبال کرتے ہیں نیو ائیر کے نام پر بڑے ہوٹلوں ،شہروں، پلازوں میں خرافات سے بھر پور اوراخلاق سے عاری تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ اسلامی سال کا آغاز اور اس کی انتہاء اپنے اعلان کبریائی پر کر دی ہے اسلئے جب آخری ذوالحجہ کا سورج غروب ہوکر محرم الحرام کے آغاز کی خبر دیتا ہے تو موذن نغمہ الہیٰ اللہ اکبر کہہ کر مسلمانوں کو متنبہ کرتا ہے کہ حاکمیت صرف مسلمانوں کے معبود کے لئے ہے اور کامیابی صرف اور صرف اللہ تعالی کی اطاعت اور اس کے پیارے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک طریقوں پر چلنے میں ہےنہ کہ غیروں کے نقل وپیروی کرنے میں۔