کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کوئٹہ ڈویژن کے صدر حافظ ادریس نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے حقیقی وارث ہیں جب بھی قوم پر کوئی آفت آئی پارٹی سب سے پہلے میدان میں نظر آئی اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا ہم حکومت میں نہیں مگر خدمت میں ہمارا کوئی ثانی نہیں بلوچستان کا طول و عرض ہماری خدمات کا گواہ ہے یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں جماعت کے یوم تاسیس کے موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب سے ترجمان مرکزی مسلم لیگ بلوچستان حنظلہ عماد ، میر شکر خان رئیسانی ، حافظ خلیل اللہ ، ملک فہیم شاہوانی ،ملک اسلم بازئی ،دعا حفیظ ،انجینئر مجیب کاکڑ سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا مقررین نے کہا کہ آج کے پروگرام میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد میں شرکت اس بات کی دلیل ہے کہ عوام جماعت پر اعتماد کرتے ہیں اور اسے خدمت کی جماعت سمجھتے ہیں انہوں نے کہا کہ آج ہی کے دن مسلم لیگ کی بنیاد رکھی گئی جس نے قیام پاکستان کو یقینی بنایا ہماری جماعت اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے وطن عزیز کی تعمیر و خدمت کے جذبے سے سرشار کردار ادا کررہی ہے مرکزی مسلم لیگ کا ملک بھر میں تعارف ایک خدمت گزار جماعت کے طور پر ہے یہ وہی مسلم لیگ ہے جس نے پاکستان بنایا اور آج پاکستان بچانے کے لیے عملی طور پر میدان میں موجود ہے اوربلوچستان کے حقوق کی محافظ جماعت ہے اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے اور عوام کو ان کا حق دلا کر رہیں گے یہاں کے نوجوانوں کو روزگار اور عوام کو ان کے حقوق دلائیں گے۔