کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ زہری سے جمعیت علماء اسلام کے رہنماء بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری کی ملاقات ، ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی ، سماجی اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ، بلوچستان کو درپیش چیلنجز ، عوامی مسائل اور ترقیاتی ضروریات پر سیر حاصل گفتگو اور ضلع خضدار سمیت جھالاوان کے تمام علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ، بلدیاتی نظام کی بہتری، دیہی ترقی، تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی اور سڑکوں کے منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا ، نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کو اولین ترجیح دے رہی ہے ، بلدیاتی اداروں کو مضبوط بناکر نچلی سطح تک اختیارات اور وسائل کی منتقلی پر کام جاری ہے ۔ قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اختلاف رائے کے باوجود عوامی مفاد کے معاملات پر مشترکہ جدوجہد ناگزیر ہے ۔ ملاقات میں دونوں رہنماوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان بالخصوص خضدار اور جھالاوان کی ترقی ، امن و استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا ۔