کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے سرپرست اعلیٰ شیخ الحدیث مولانا حافظ محمد یوسف ، شیخ الحدیث مولانا عبدالخالق ، مولانا عبدالرؤف ، حافظ زبیر حسین احمد اور مولانا حافظ احمد شاہ نے جامعہ مطلع العلوم بروری روڈ کے زیراہتمام تحفظ دینی مدارس کانفرنس بسلسلہ دستار فضیلت سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ دینی مدارس اسلام کے مضبوط قلعہ ہیں دینی مدارس کے خلاف سوچنےوالے حکمران سابق حکمرانوں سے عبرت لیں عالمی سطح پر امریکہ جیسی قوتیں عالمی دہشت گردی کی آڑ میں مسلمانوں کو آپس میں دست و گریبان کرکے ان کی قوت ایک دوسرے کے خلاف ضائع کرنا چاہتی ہیں یہ استعماری طاقتوں کی گہری سازش ہے جس کا مقصد مسلمانوں کو کمزور کرنا ہے جمعیت علما اسلام اس ایجنڈے کو سختی سے مسترد کرتی اور امت مسلمہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فروعی اختلافات ترک کرکے اتحاد کا مظاہرہ کریں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم مملکت خداداد پاکستان کو پھلتا پھولتا امن و ترقی کا گہوارہ دیکھنا چاہتے ہیں ملک کے استحکام اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ بیرونی مداخلت اور ملک میں انتشار پھیلانے والی قوتوں کو ناکام بنایا جائے مقررین نے تمام دینی اور سیاسی قوتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی یکجہتی اور اتحاد کو فروغ دیں جمعیت علما اسلام ہر قیمت پر ملک میں فرقہ واریت اور انتہا پسندی کے خاتمے ، قومی سلامتی کے دفاع اور پاکستان کو صحیح معنوں میں پرامن اور ترقی یافتہ اسلامی ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اس موقع پر15علما کرام اور 12 حفاظ کی دستار بندی کی گئی۔