حال ہی میں موذی مرض کینسر سے جنگ جیتنے والی بھارتی اداکارہ و ماڈل حنا خان نے رمضان المبارک میں عمرے کی سعادت حاصل کی ہے۔
یاد رہے کہ اداکارہ حنا خان کو گزشتہ سال چھاتی کے سرطان کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد سے ان کا علاج جاری ہے، اداکارہ کے مطابق ان کی کیمو تھیراپیز ختم ہو چکی ہیں۔
حنا خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مسلمانوں کے مقدس ترین مقام مسجدالحرام سے نئی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں۔
حنا خان کی نئی پوسٹ کے مطابق انہوں نے رمضان کے دوسرے عشرے میں عمرے کی سعادت حاصل کی ہے۔
حنا خان کی تصاویر اور ویڈیوز میں انہیں عمرہ کرتے، خانہ کعبہ کو چھوتے، طواف کرتے اور دعائیں مانگتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس دوران حنا خان کے ساتھ ان کے بھائی بھی موجود ہیں۔
حنا خان نے اپنی نئی پوسٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ انہوں نے تہجد اور فجر کی نمازیں مسجد الحرام میں ادا کی ہیں۔
حنا خان نے اپنے اکاؤنٹ پر متعدد روح پرور مناظر پر مبنی اسٹوریز بھی شیئر کی ہیں۔
اداکارہ نے اپ لوڈ کی گئی نئی پوسٹ کا کمنٹ سیکشن بلاک کیا ہوا ہے۔
حنا خان نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ الحمدللّٰہ، عمرہ 2025ء، مجھے دعوت دینے کا شکریہ اللّٰہ، اللّٰہ پاک شفائے کاملہ عطا فرمائے آمین۔