• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میری نظر میں کوئی طاقت ہے جسے عائزہ برداشت نہیں کر پاتیں: دانش تیمور

فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائزہ خان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اپنے شوہر دانش تیمور کے سامنے تھوڑا گھبرا جاتی ہیں اور عجیب و غریب کام کرنے لگتی ہیں۔

عائزہ خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطور مہمان شرکت کی جس کی میزبانی کے فرائض دانش تیمور اور رابعہ انعم انجام دے رہی ہیں۔

شو کے دوران میزبان رابعہ انعم نے عائزہ خان سے یہ سوال پوچھا کہ اب آپ کے دونوں بچے تھوڑے بڑے ہو گئے ہیں تو آپ اتنی سخت روٹین میں گھر کے کام کیسے مکمل کرتی ہیں؟

اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے جب بھی وقت ملتا ہے میں ساری چیزوں کو ایک نظر دیکھتی ہوں کہ سب ٹھیک چل رہا ہے اور روزانہ میں سب کا شیڈول چیک کرتی ہوں کہ بچوں نے کس وقت اسکول یا ٹیوشن جانا ہے، آج اس پروجیکٹ پر کام ہونا ہے، دانش نے آج یہاں جانا ہے تو اس طرح سب چیزیں چیک کرتی ہوں۔

اداکارہ نے اچانک اپنی بات بیچ میں روک کر رابعہ انعم سے یہ کہا کہ دانش میری طرف دیکھ رہے ہیں تو میں آپ سے کیسے بات کروں جب یہ میری طرف دیکھتے ہیں تو مجھے شرم آتی ہے۔

جس پر دانش تیمور نے کہا کہ میں عائزہ کو زیادہ دیر تک نہیں دیکھ سکتا کیونکہ میری نظر میں کوئی طاقت ہے جسے یہ برداشت نہیں کر پاتیں۔

یہ بات سن کر رابعہ انعم نے ہنستے ہوئے کہا کہ شادی کو اتنے سال ہو گئے آپ کو اب بھی دانش کے سامنے بات کرتے ہوئے شرم آتی ہے۔

پھر عائزہ خان نے دانش تیمور سے کہا کہ آپ مجھے دیکھتے رہیں گے تو میں بات نہیں کر سکوں گی اس لیے اب آپ نیچے دیکھیں تاکہ میں بات کر سکوں۔

اُنہوں نے کہا کہ میں اس بات کا کریڈٹ اپنے بچوں کو دوں گی کیونکہ وہ دونوں بہت زیادہ سمجھدار ہیں۔

عائزہ خان نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ویسے بہت ذمے دار ہوں لیکن دانش ساتھ ہوتے ہیں تو باولی ہو جاتی ہوں اور عجیب و غریب کام کرنے لگتی ہوں، چیزیں اِدھر اُدھر بھول جاتی ہوں۔

جس پر دانش تیمور نے عائزہ خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھلے میرے ساتھ ہونے پر بہت ساری چیزیں بھول جاتی ہیں لیکن جب اولاد ہو جاتی ہے تو یہ اللّٰہ تعالیٰ نے ہم پر ایک ذمے داری ڈالی ہے تو عائزہ ایک ذمے دار ماں ہیں اور میں ان سے دگنا زیادہ ذمے دار ہوں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید