• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علیزے کا زرنش کو معاف کرنے سے انکار صارفین میں بحث کی وجہ بن گیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ و ماڈل علیزے شاہ نے ماضی کی اداکارہ زرنش خان کو معاف کرنے سے انکار کر دیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔

حال ہی میں دین کی خاطر اسکرین سے دوری اختیار کرنے والی سابقہ اداکارہ زرنش خان نے علیزے شاہ سے سوشل میڈیا کے ذریعہ رابطہ کیا، انہیں پیغام بھیج کر اپنے ماضی کے تبصرے پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے معافی مانگی، تاہم علیزے شاہ نے انہیں معاف کرنے انکار کر دیا۔

صرف یہی نہیں علیزے شاہ نے زرنش خان کا معافی نامہ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری میں بھی شیئر کیا اور ساتھ انہیں کھری کھری بھی سنا دی۔

انہوں نے زرنش خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے پہلے ان کے پیغام کے جواب میں اور پھر مختلف انسٹا اسٹوریز شیئر کیں اور لکھا کہ معافی سے اس نقصان کا ازالہ نہیں ہو گا جو آپ نے پہنچایا، میں آپ کو معاف نہیں کروں گی، میں نے آپ کو کیا کہا تھا؟ اپنے بال ٹھیک کریں تاکہ آپ اسکرین پر بہتر نظر آئیں؟

علیزے شاہ نے لکھا ہے کہ جب میری والدہ مجھے کھانا کھلاتی تھیں تو آپ کو بھی اپنے ہاتھ سے کھلاتی تھیں، کبھی آپ سے کچھ غلط یا بدتمیزی نہیں کی، شو میں آپ کو میرے خلاف بولنے کا معاوضہ نہیں دیا جا رہا تھا، لیکن آپ نے پھر بھی ایسا کیا، خدا سب دیکھ رہا ہے۔

بعد ازاں انسٹا اسٹوی میں اداکارہ علیزے شاہ نے لکھا کہ جس دن زرنش نے یہ بیان دیا تو میری ماں نے روتے ہوئے انہیں کال کر کے میرے خلاف ایسی باتیں کرنے کی وجہ پوچھی تو زرنش نے جواب دیا کہ میں اس بارے میں ایک ویڈیو بنا کر حقیقت بیان کروں گی لیکن صرف 30 منٹ بعد ہی انہوں نے میری ماں کو بلاک کر دیا، میں جانتی ہوں اس وقت میری ماں کی آواز میں کپکپی تھی لیکن زرنش نے انہیں بلاک کر دیا تاکہ وہ دوبارہ رابطہ کر کے معافی کا مطالبہ نہ کریں۔

انہوں نے ایک اور اسٹوری میں لکھا ہے کہ سینئر ہو کر بچوں کی طرح شو پر جا کر شکایتیں لگانا اور جھوٹ بولنا ہی تو پروفیشنلزم ہے، بھلے سینئر بھول جائیں کہ وہ سینئر ہیں لیکن میں کچھ نہیں بھولی، میں شکایت صرف اپنی ماں سے کرتی ہوں اور وہ خدا سے۔

علیزے شاہ نے لکھا ہے کہ ان جیسوں کو خدا بھی معاف نہیں کرتا تو میری کیا حیثیت ہے، کم سے کم میں ان کی طرح دکھاوا تو نہیں کرتی میں جو ہوں وہی نظر آتی ہوں، ان جیسوں کی وجہ سے میرا انسانیت سے بھروسہ اُٹھ گیا ہے۔

اداکارہ نے اپنے مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہونے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

زرنش خان اور علیزے شاہ کا یہ جھگڑا سوشل میڈیا کی زینت بنا تو صارفین کے درمیان نئی بحث جھڑ گئی۔

بعض کے مطابق علیزے شاہ اس وقت خاموش رہی تھیں تو اب معاف کر دینا چاہیے تھا اس طرح سوشل میڈیا پر معاملہ نہیں لانا چاہیے تھا، تو بعض کے مطابق اگر ماضی میں ان کے درمیان اتنی گہری دوستی تھی تو زرنش کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا اور اب جب انہوں نے ایسا کر دیا ہے تو ایک معافی سب کچھ ٹھیک نہیں کر سکتی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید