• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بغیر باکس آفس ہٹ کامیڈین نے کمائی میں ٹام کروز، بریڈ پٹ، جارج کلونی کو بھی مات دےدی

دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کامیڈین نے 81 ملین ڈالر کمائے، باکس آفس پر کوئی بڑی ہٹ فلم نہ ہونے کے باوجود انہوں نے ٹام کروز، ہیو جیک مین اور بریڈ پٹ سے بڑے اسٹارز کو کمائی کی فہرست میں پیچھے چھوڑ دیا۔ 

رواں ماہ کے آغاز میں فوربز میگزین نے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں کی سالانہ فہرست جاری کی، جس میں کوئی حیرانی کی بات نہیں کہ ڈوین جانسن (دا راک) سرفہرست رہے۔ انہوں نے ’موانا 2‘ اور ’ریڈ ون‘ جیسی دو بڑی فلموں کی بدولت شاندار کمائی کی۔

فہرست میں شامل بیشتر اسٹارز نے بڑی فلموں سے بھاری معاوضہ حاصل کیا، لیکن ایک اداکار ایسا بھی تھا جس کی کوئی بڑی فلم نہیں آئی، پھر بھی وہ سب پر بازی لے گیا۔

فہرست میں شامل کامیڈی کے لیجنڈ جیری سین فیلڈ، جو برسوں سے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے کامیڈین رہے ہیں، اس بار ایک جونیئر کامیڈین سے پیچھے رہ گئے، جس نے 2024 میں 81 ملین ڈالر کمائے وہ بھی بغیر کسی بڑی ہٹ فلم کے۔

کیون ہارٹ نے 81 ملین ڈالر نیٹ (108 ملین ڈالر مجموعی) کما کر 2024 میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کامیڈین کا اعزاز حاصل کرلیا۔

کیون ہارٹ - فوٹو: فائل
کیون ہارٹ - فوٹو: فائل

فوربز کی مجموعی فہرست میں وہ تیسرے نمبر پر رہے، ان سے آگے صرف ڈوین جانسن (88 ملین ڈالر) اور رائن رینالڈز (83 ملین ڈالر) تھے۔

حیران کن طور پر وہ جیری سین فیلڈ (60 ملین ڈالر) سے بھی آگے نکل گئے، جو زیادہ تر اپنی مشہور ٹی وی سیریز ’Seinfeld‘ اور ’Unfrosted‘ کی رائلٹی سے کماتے ہیں۔

کیون ہارٹ نے ٹام کروز (15 ملین ڈالر)، ہیو جیک مین (50 ملین ڈالر)، بریڈ پٹ (32 ملین ڈالر) اور جارج کلونی (31 ملین ڈالر) جیسے ہالی ووڈ کے سپر اسٹارز سے زیادہ کمائی کی۔ حالانکہ ان کی کوئی بڑی فلمی کامیابی نہیں تھی۔

کیون ہارٹ نے اتنی دولت کیسے کمائی؟

کیون ہارٹ نے سرمایہ کاری کی بنیادی حکمت عملی ڈائیورسیفکیشن کو اپنایا، فوربز نے نوٹ کیا کہ 2024 میں ہارٹ سے زیادہ متنوع تفریحی منصوبہ کسی کے پاس نہیں تھا۔

2024 میں کیون ہارٹ نے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے علاوہ سنیما میں بھی ایک فلم میں کام کیا تھا جبکہ اسکے علاوہ انہوں نے 90 اسٹینڈ اپ کامیڈین شوز بھی کیے۔ 

اس کے علاوہ کیون ہارٹ نے مختلف برانڈز کے اشتہارات سے بھی بھاری رقم کمائی۔

فوربز نے اسے یوں بیان کیا، ’اگر آپ کوئی بھی اسکرین آن کریں تو 45 سالہ کیون ہارٹ کہیں نہ کہیں ضرور نظر آئیں گے۔‘

انٹرٹینمنٹ سے مزید