• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حمزہ علی عباسی کی 4 شادیوں پر رائے کے بعد صارفین کی دانش تیمور پر تنقید

—فائل فوٹوز
—فائل فوٹوز

پاکستان کے مشہور اداکار و میزبان حمزہ علی عباسی نے مردوں کو اسلام میں 4 شادیوں کی اجازت سے متعلق موضوع پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

حمزہ علی عباسی نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیا ہے جس کا ایک مختصر سا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

اس ویڈیو کلپ میں حمزہ علی عباسی میزبان کی جانب سے 4 شادیوں کی اجازت سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے نظر آ رہے ہیں۔

حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ میں ایک ہی شادی میں خوش ہوں۔


حمزہ علی عباسی نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام میں 4 شادیوں کی اجازت سے متعلق جو قرآن شریف میں آیت آئی ہے وہ جنگِ اُحد کے بعد آئی، اس وقت کے حالات ایسے تھے کہ اللّٰہ نے خواتین کو سہارا دینے کے لیے آیت نازل کی۔

اداکار نے کہا کہ اللّٰہ ہی نے فرمایا ہے کہ اگر 4 شادیاں کرو تو سب میں انصاف کرو اور اگر ان 4 بیگمات میں انصاف نہ کر سکو تو صرف ایک ہی سے شادی کرو۔

حمزہ علی عباسی کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین اداکار کے علم کی خوب تعریفیں کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ حمزہ علی عباسی کو اللّٰہ نے عقل، شعور اور علم دیا ہے، وہ اسلام کی صحیح معنوں میں تشریح کر رہے ہیں۔

دوسری جانب انٹرنیٹ صارفین اسی پوسٹ کے کمنٹ باکس میں، حال ہی میں اپنی بیگم اداکارہ عائزہ خان کی موجودگی میں 4 شادیوں سے متعلق بیان دینے والے اداکار دانش تمیور پر تنقید کر رہے ہیں۔

صارفین کا کہنا ہے کہ جہاں یہ دنیا دانش تیمور جیسے مردوں سے بھری ہوئی ہے وہاں حمزہ علی عباسی جیسے مردوں کا ہونا خوش آئند ہے۔

واضح رہے کہ عائزہ خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطور مہمان شرکت کی تھی جس کی میزبانی کے فرائض دانش تیمور انجام دے رہے تھے۔


شو کے دوران دانش تیمور نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اسلام نے مجھے 4 شادیوں کی اجازت دی ہے، یہ میرا عائزہ خان سے پیار ہے کہ فی الحال میرا دوسری شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید