کوئٹہ ( پ ر)گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول ہدہ پرائمری سیکشن اور گورنمنٹ سینٹرل پرائمری سکول ہدہ میں داخلہ مہم کو فروغ دینے کے لیے پی ٹی ایس ایم سی (پیرنٹ ٹیچرز اسکول مینجمنٹ کمیٹی) اور ہدہ کونسل کے زیر اہتمام ایک آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریلی کا مقصد والدین اور مقامی کمیونٹی کو بچیوں کی تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کرنا اور زیادہ سے زیادہ بچوں کے داخلے کو یقینی بنانا تھا۔ریلی میں اسکول کے اساتذہ، والدین، معززین علاقہ، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چلتن ٹاؤن غلام مرتضی شاہوانی اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے فروغ تعلیم سے متعلق پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ جن پر تعلیم کے فروغ، بچیوں کی تعلیم کی ضرورت اور سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیمی سہولیات کی دستیابی کے حوالے سے مختلف پیغامات درج تھے۔اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچیوں کی تعلیم ایک روشن اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول میں داخل کروائیں تاکہ وہ ایک بہتر مستقبل کی طرف گامزن ہو سکیں۔ریلی کے اختتام پر اسکول انتظامیہ اور کمیونٹی رہنماؤں نے حکومت اور تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ تعلیمی سہولیات میں مزید بہتری لائیں اور داخلہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں۔