• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ، خاران، خضدار، گوادر اور ژوب میں کارروائیاں

کوئٹہ(خ ن)ماہ صیام میں ناقص ، ملاوٹی اور زائد المیعاد اشیاء خوردونوش کے تدارک کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا صوبہ بھر میں گرینڈ آپریشن جاری ہے۔اس سلسلے میں ہیڈ کوارٹر اور زونل سطح پر اتھارٹی کی متحرک ٹیموں نے کوئٹہ، خاران ، خضدار ، گوادر اور ضلع ژوب میں کارروائیوں کے دوران قوانین کی خلاف ورزی پر 40 سے زائد مراکز مالکان پر جرمانے عائد کردئیے ۔ کارروائیوں کے دوران ملاوٹی دودھ ، خراب کوکنگ آئل اور زائد المیعاد اشیاء کی بڑی مقدار تلف کردی گئی ۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق کوئٹہ شہر کے مختلف مقامات پر قائم خوراک کے مراکز کی چیکنگ اور دودھ و اشیاء تلنے کیلئے متعدد دکانوں و بیکنگ یونٹس میں زیر استعمال خوردنی تیل کی آن دی اسپاٹ ٹیسٹنگ کی گئی ۔کوئٹہ اور کچلاک میں مختلف وجوہات پر جرمانہ کردہ مراکز میں بیکریوں ، سموسہ پکوڑا شاپس ، جنرل و ڈیپارٹمنٹل اسٹورز ، ملک شاپس ، ریسٹورنٹس اور آر او پلانٹ کے خلاف ایکشن لیا گیا۔اسی طرح خاران میں زائد المیعاد خوردنی مصنوعات کی فروخت پر 4 جنرل اسٹورز اور 3 مصالحہ جات کی دکانوں ، دودھ میں ملاوٹ پر ژوب میں 4 دودھ فروشوں جبکہ گوادر میں ایکسپائرڈ اشیاء رکھنے پر 4 کریانہ شاپس مالکان پر جرمانے عائد کئے گئے ۔علاوہ ازیں خضدار میں بی ایف اے کی انسپکشن ٹیموں نے ہوٹلوں ، فوڈ پوائنٹس اور دودھ کے مراکز سمیت مختلف خوراک کے مراکز کا معائنہ کیا ، دوران معائنہ ایس او پیز کے خلاف ورزی پر 3 فوڈ پوائنٹس ، شہریوں کو فراہم کردہ دودھ میں ملاوٹ کرنے پر 3 ملک شاپ اونرز جبکہ باسی سبزیاں فروخت کرنے پر ایک سبزی فروش کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے جرمانے عائد کئے گئے۔
کوئٹہ سے مزید