پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکار جوڑی ریمبو اور صاحبہ کے بیٹے اداکار احسن افضل خان نے انکشاف کیا ہے کہ مجھے کئی پروجیکٹس کے لیے کاسٹ کرنے کے بعد آخری لمحات میں نکال دیا گیا۔
احسن افضل خان نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مشہور اداکار جوڑی کا بیٹا ہونے کی وجہ سے شوبز انڈسٹری میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ مجھے اب ایک بات تو سمجھ آ گئی ہے کہ اگر آپ فلمی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں تو شوبز انڈسٹری میں لوگ آپ کی محنت کو تسلیم نہیں کریں گے اور نہ ہی اس کا احترام کریں گے کیونکہ اُنہیں لگتا ہے کہ ہمیں ہر چیز پلیٹ میں رکھ کر پیش کی جاتی ہے حالانکہ ایسا بالکل بھی نہیں ہے۔
اداکار نے کہا کہ میرے لیے یہ بات بہت افسوس ناک ہے لیکن میں نے اب اس بات کو تسلیم کر لیا ہے کہ میری محنت کی کبھی عزت نہیں کی جائے گی۔
اُنہوں نے بتایا کہ مجھے کئی پروجیکٹس سے آخری لمحات میں نکال دیا گیا تھا اور اس کے علاوہ کچھ پروجیکٹس میں شوٹنگ کے دوران مجھے دوسرے اداکاروں سے کم تر محسوس کروایا گیا۔
احسن افضل خان نے یہ بھی کہا کہ مجھے تو سیٹ پر فائیو اسٹار کھانا بھی نہیں چاہیے بلکہ میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ مجھے کام کرنے کے لیے برابری کے مواقع فراہم کیے جائیں۔