اسلام آباد (نمائندہ جنگ) حکومت پاک سوزوکی کی قیادت میں ایک بائیو گیس پلانٹ کے قیام کی بھرپور حمایت کر رہی ہے، جس کا مقصد مہنگی تیل کی درآمدات میں کمی، کاربن کے اخراج کو کم کرنا اور مقامی کسانوں کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنا ہے۔ وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان نے کہا کہ یہ منصوبہ، جو گائے کے گوبر سے بائیو گیس پیدا کرے گا، حکومت کے صاف توانائی کے اہداف سے مطابقت رکھتا ہے اور ملک کے 16.9 ارب ڈالر کے پیٹرولیم درآمدی بل میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار خان نے کمپنی کے نمائندوں سے بریفنگ لیتے ہوئے کیا۔ آٹو کمپنی لاہور کے نواح میں ایک پائلٹ بائیو گیس پلانٹ میں 30 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کر رہی ہے، جس کا ہدف اگلے سال کے وسط تک اس منصوبے کو مکمل کرنا ہے۔