لاہور(اپنے نامہ نگار سے) محکمہ داخلہ پنجاب نے یوم شہادت حضرت علی ؓ پر پنجاب بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز، سی سی پی او ز، سی پی اوز اورڈی پی اوز کومراسلہ جاری کیاہے کہ ماتمی جلوس، محافل عزا اور مساجد میں عوامی اجتماعات کیلئے سکیورٹی پروٹوکول پر عمل کیا جائے۔ کسی بھی فرقے کے خلاف قابل اعتراض اور اشتعال انگیز تقریریں نہ کریں۔ پنجاب بھر میں آتشیں اسلحہ رکھنے اور اسکی نمائش پر پابندی کا نفاذ کیا جائے اور پنجاب ساؤنڈ سسٹم (ریگولیشن) ایکٹ، 2015 کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے ، شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے ۔ مذہبی و سیاسی رہنماؤں کے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ محکمہ داخلہ نے ہدایت کی کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق اداروں اور محکمہ صحت کو ہائی الرٹ پر رکھا جائے ، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بروقت انفارمیشن شیئرنگ کی جائے۔