اسلام آباد (ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی اسلام آباد میں ڈکیتی ، سرقہ باالجبر ،سٹریٹ کرائم ، نقب زنی اور چوری کی 88وارداتوں میں نقدی زیورات اور دیگر قیمتی سامان کے علاوہ 3 کاریں ، 26موٹر سائیکل،16موبائل فونز اور دیگر سامان اڑا لیا گیا،25گھروں کے تالے ٹوٹ گئے۔4 موٹر سائیکل اور8موبائل فونز اسلحہ کی نوک پر جبکہ6،موبائل فونز جھپٹا مار کر چھین لئے گئے ۔وفاقی دارالحکومت میں صرف 10 مقدمات درج ہوئے جن میں ایک کار ، پانچ موٹر سائیکل اور موبائل فون چھیننے کے دو مقدمات کے علاوہ ایک گھر کے تالے بھی ٹوٹنے کی وا ردات شامل ہے ۔ تھانہ پیر ودھائی کے علاقے اعوان مارکیٹ میں فیصل قریشی کی ایجنسی پر 4 ڈاکو اسلحہ کے نوک پر 24 لاکھ نقد اور 3 موبائل مالیتی 6 لاکھ 75 ہزار چھین کر چلتے بنے اور ملازمین کو کمرہ میں بند کر دیا ۔ تھانہ گوجر خان کے گاوں ڈھوک نعمت اللّٰہ میں تین ڈاکوؤں نے گھر میں گھس کر اسلحہ کی نوک پر 2 لاکھ 50 ہزار روپے 6 لاکھ کے طلائی زیورات اور قیمتی موبائل چھین لئے گئے ۔ تھانہ صدر بیرونی کے علاقہ اڈیالہ روڈ کے رہائشی عبداللہ ولد یوسف نے درخواست دی کہ وہ افطاری کے لیے گئے تھے واپسی پر گھر آئے تو دیکھا کہ 35 تولہ طلائی زیورات چوری ہو چکے تھے ۔