پشاور(نمائندہ جنگ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے سینئر صحافی اور جنگ گروپ پشاور کے ارشد عزیز ملک سمیت صوبہ کی 7شخصیات کو صدارتی سول اعزازات سے نوازا گیا، اس سلسلے میں گورنرہاؤس پشاورمیں اتوار کے روزیوم پاکستان کے موقع پرتقسیم اعزازات کی تقریب منعقد ہوئی ،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صدراسلامی جمہوریہ پاکستان کی طرف سے صوبہ کی 4 شخصیات کو تمغہ شجاعت اور 3 شخصیات کو تمغہ امتیاز کے صدارتی سول ایوارڈ سے نوازا، تقریب میں گورنر نے سعید خان (مرحوم)کو بہادری کے اعتراف میں بعد از وفات تمغہ شجاعت سے نوازا، صاحب خان کو انکی بہادری ، ملک محمود جان (شہید) اور سمیع اللہ خان (شہید) کو انکی بہادری کے اعتراف میں بعد از شہادت صدارتی اعزاز تمغہ شجاعت سے نوازاگیا، گورنر نے سینئر صحافی ارشد عزیز ملک کو شعبہ صحافت میں گرانقدر خدمات پر سول ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازا ۔ڈاکٹر عاکف اللہ خان کو شعبہ طب اوربختیار احمد خٹک کوشعبہ گلوکاری میں صدارتی سول ایوارڈ تمغہ امتیاز دیا گیا، تقریب میں ایئر وائس مارشل،ایئرآفیسرکمانڈنگ ناردرن ائیرکمانڈ تیمور اقبال(ستارہ امتیاز ملٹری)، سیکرٹری محکمہ انتظامیہ شاہد سہیل سمیت اعزازات وصول کرنیوالوں کے عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ خیبر یونین آف جرنلسٹس اور پشاور پریس کلب کے سابق صدر ارشد عزیز ملک کو تمغہ امتیاز کا اعزاز ملنے پر صدر خیبر یونین آف جرنلسٹس کاشف الدین سید ، جنرل سیکرٹری ارشاد علی، پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض ، جنرل سیکرٹری طیب عثمان اور دیگر عہدیداروں نے کہا ہے کہ ارشد عزیز ملک کا یہ اعزاز پشاور کی صحافی برادری کے لئے باعث فخر اور پیشہ ور صحافیوں کی حوصلہ افزائی کا باعث بنے گا ۔ ارشد عزیز ملک نے پشاور یونی ورسٹی سے انٹرنیشنل ریلیشنز ٗپولیٹکل سائنس اورصحافت میں ماسٹرز ڈگری حاصل کرنے کے بعد عملی صحافت کا آغاز 1991میں روزنامہ مشرق سے کیا۔ وہ 1994سے 2013تک روزنامہ آج سے وابستہ رہے اور دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ تک پشاور کے اس مقبول روزنامہ میں خدمات انجام دیں۔ 2014سے انہوں نے قومی اخبار روزنامہ جنگ جوائن کیا۔ان کی وجہ شہرت خیبر پختون خوا میں تحقیقاتی رپورٹنگ تھی۔ انہوں نے ایک ہزار سے زیادہ تحقیقاتی خبریں فائل کیں جن میں انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی بے قاعدگیوں، اپنے اختیارات سے تجاوز کرنے، بدعنوانی اور فراڈ سے متعلق اپنے قارئین کو آگاہ کیا۔ ارشد عزیز ملک دو برس تک صحافیوں کی نمائندہ تنظیم خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر رہے۔اس دوران انہوں نے صحافیوں کی استعداد کار بہتر بنانے، ان کی ملازمتوں کو ویج بورڈ سے منسلک کرنے اور صحت عامہ کے شعبے میں مفت سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے قابل زکر کردار ادا کیا۔