کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلویز ، حنیف عباسی نےکہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ہی40ہزار سے 45ہزار دہشت گردوں کو لائے۔ آج جو سیکورٹی حالات ہیں اس کی وجہ سے ان دہشت گردوں کو واپس لانا بھی ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت نہ کرکے دہشت گردوں کے موقف کو تقویت دی گئی ، PTI کےرکن قومی اسمبلی، علی محمد خان نےکہا کہ ہمیں قومی سلامتی اجلاس میں شرکت کرنا چاہئے تھی کیا پیرول پر بانی پی ٹی آئی کو قومی سلامتی اجلاس میں نہیں لایا جاسکتا تھا؟آپ کی انا پاکستان کی بقا سے زیادہ اہم ہے۔جو آئین پاکستان کو مانتے ہیں ان سب کو اجلاس میں لانے کی ضرورت تھی۔میزبان حامد میرنے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید قریب آتے ہی ڈکیتیوں میں اضافہ کیوں؟ حکومت کے اعلانا ت کے باوجود مہنگائی کیوں کم نہ ہوئی؟ جرائم کا اضافہ یقیناً مہنگائی کے ساتھ بھی بنتا ہے۔ وفاقی وزیر ریلویز ، حنیف عباسی نےکہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر5 اسپیشل ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ریلوے کرایوں میں20 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔ بولان میں دھماکے سے متاثر ریلوے ٹریک کی مرمت کردی گئی۔سیکورٹی کلیئرنس کے بعد کوئٹہ ٹرینوں کی آمدو رفت بحال ہوجائے گی۔ریلویز پولیس کی اپ گریڈیشن کے لئے پلان تیار کرلیا ہے۔ چین سے 46کوچزدرآمد کی ہیں ۔