کوئٹہ (پ ر)مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کو انسانی سہولت کیلئے بروئے کار لانے میں مہارت رکھنے والے جنوبی ایشیاء کے صفِ اول کےمعاون ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپ،کنیکٹ ہئیر نے کراچی میں’رسائی، صلاحیت اور ٹیکنالوجی‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد قدرتی آفات کے دوران معاشرے کے تمام افراد کی جان و مال کے تحفظ کیلئے مصنوعی ذہانت پر مبنی سہولیات کو بروئے کار لانا ہے۔ یہ اقدام جی ایس ایم اے کےانسانیت کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے مختص فنڈکی معاونت اور ہینڈز اوریوفون4G کی شراکت سے عمل میں لایا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت کنیکٹ ہئیر کی جدید مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی اور آن لائن مترجم پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان میں سماعت سے محروم افراد کو ہنگامی صورتحال میں زندگی بچانے والی معلومات اور مواصلاتی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔سماجی ترقی کے ماہر وعالمی بینک کے اعلیٰ عہدیدار، کامران اکبر تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔