بالی ووڈ کے سپر اسٹارز سلمان خان اور عامر خان ایک بار پھر اسکرین پر اکٹھے نظر آئے، لیکن اس بار کسی فلم میں نہیں، بلکہ سلمان خان کی آنے والی فلم سکندر کی ایک خاص پروموشنل ویڈیو کے لیے۔
یہ پروموشنل ویڈیو دیکھ کر مداحوں کو 1994ء کی سپرہٹ کامیڈی فلم انداز اپنا اپنا یاد آ گئی، جس میں سلمان خان اور عامر خان نے امر اور پریم کا آئیکونک کردار ادا کیا تھا۔
سلمان خان نے انسٹاگرام پر ویڈیو کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ امر پریم کا انداز، اے آر مرگدوس کے ساتھ۔
یہ کیپشن انداز اپنا اپنا میں امر اور پریم کے کرداروں کی طرف اشارہ تھا، جو آج بھی ناظرین کو یاد ہیں۔
ویڈیو میں عامر خان اور سلمان خان کو فلم سکندر کے ڈائریکٹر اے آر مرگدوس کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، لیکن بات چیت اس وقت مزید دلچسپ ہو جاتی ہے جب عامر خان اچانک سوال کرتے ہیں کہ ان میں سے اصل سکندر کون ہے؟
یہ سوال مرگدوس کو الجھن میں ڈال دیتا ہے اور ٹیزر سنسنی خیز انداز میں ختم ہوتا ہے۔
اس ویڈیو کے بعد مداحوں نے انسٹاگرام پر خوب تبصرے کیے ایک صارف نے کہا یہ اب تک کی سب سے غیر متوقع کولیبریشن ہے، جو کہ بلاک بسٹر ہٹ ہونے والی ہے۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ امر اور پریم کو پھر سے ایک ساتھ دیکھ کر 90ء کی دہائی کی یاد تازہ ہو گئی۔
فلم سکندر 30 مارچ 2025ء کو عید کے موقع پر سنیما گھروں میں دھماکے دار ریلیز کے لیے تیار ہے۔