بھارتی اداکار و پروڈیوسر پرتھوی راج سوکومارن اور ملیالم سپر اسٹار موہن لال نے فلم ’ایل ایس: ایمپوران‘ کے ٹریلر کو ہم عصر اداکاروں کی جانب سے پذیرائی ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
فلم کے ٹریلر کو ساؤتھ اور بالی ووڈ میں موجود ان کے ہم عصروں ایس ایس راجامولی، پربھاس اور رام گوپال ورما کی جانب سے کافی سراہا گیا ہے۔
ساؤتھ کے ایک اور سپر اسٹار رجنی کانت نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اس کے تامل ورژن کے حوالے سے کہا: اپنے پیارے موہن لال اور پرتھوی کی فلم ایمپوران کا ٹریلر دیکھا، بہت شاندار کام ہے۔ مبارکباد قبول فرمائیے۔ میری جانب سے ٹیم کےلیے نیک تمنائیں اور ریلیز پر کامیابی کی خواہش ہے۔ گاڈ بلیس۔
اس حوالے سے پرتھوی راج نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میگا اسٹار کی جانب سے تحسین پر مبنی الفاط ہمارے لیے اہم ہیں۔
دریں اثنا ملیالم سپر اسٹار موہن لال نے بھارتی میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ اپنے ساتھیوں اور ہم عصروں کی جانب سے مقابلے پر مبنی باتوں سے ہٹ کر اس قدر پذیرائی اس بھائی چارے کو ظاہر کرتا ہے جو ہم سب کے درمیان موجود ہے۔
اس موقع پر انھوں نے ملیالم سنیما کے ایک اور لیجنڈ اداکار مموتی (محمد کٹی پناپرامبیل اسماعیل) کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ میرے بھائی اور خاندان کے رکن جیسے ہیں۔
انھوں نے خصوصی طور پر بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن جنھوں نے انکے ساتھ ملیالم مووی قندھار میں کام کیا اور رجنی کانت جنھوں نے انکے ساتھ جیلر میں مختصر کردار ادا کیا، ان تمام کی جانب سے ایل ایس: ایمپوران کے ٹریلر کو سراہنے پر ان سے اظہار تشکر کیا۔