عامر خان کی فلم ’ستارے زمین پر‘ کا ٹیزر ’U‘ سرٹیفکیٹ کے ساتھ منظور کرلیا گیا، تاہم یہ سلمان خان کی ’سکندر‘ کے ساتھ منسلک نہیں ہوگا۔
عامر خان کی آنے والی فلم ’ستارے زمین پر‘ کے ٹیزر کو 79 سیکنڈز (ایک منٹ 19 سیکنڈز) کی مدت کے ساتھ سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (CBFC) نے 24 مارچ کو بغیر کسی کٹ کے ’U‘ سرٹیفکیٹ کے ساتھ منظور کر لیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ چونکہ ٹیزر کو ’سکندر‘ کی ریلیز ویک میں سنسر کیا گیا تھا، اس لیے کئی لوگ یہ قیاس آرائیاں کر رہے تھے کہ آیا یہ سلمان خان کی عید ریلیز ’سکندر‘ کے ساتھ جوڑا جائے گا یا نہیں؟
تاہم بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ایسا نہیں ہوگا۔ ابھی تک یہ بھی واضح نہیں ہے کہ ٹیزر کب ریلیز کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ عامر خان کی نئی فلم کی ابھی تک ریلیز کی حتمی تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ تاہم عامر خان نے اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر انکشاف کیا تھا کہ ’ستارے زمین پر‘ جون میں ریلیز ہوگی۔
’ستارے زمین پر‘ کی ہدایت کاری آر ایس پرسنّا کر رہے ہیں جبکہ فلم میں عامر خان کے ساتھ جنیلیا ڈیسوزا بھی مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔