کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اٹلی کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی تاکہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے کو مزید فروغ دیا جا سکے۔یہ بات انھوں نے بدھ کو اٹلی کے نئے قونصل جنرل مسٹر فیبریزیو بیئلی سے ملاقات میں کہی۔ وزیر اعلیٰ ہاوس میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، تجارتی و سرمایہ کاری کے مواقع اور مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مسٹر فیبریزیو بیئلی کو سندھ میں تعیناتی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اٹلی کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی تاکہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ اس موقع پر قونصل جنرل فیبریزیو بیئلی نے کہا کہ اٹلی کے سرمایہ کار سندھ میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے سندھ میں مختلف ترقیاتی اور تجارتی منصوبوں میں اٹلی کے ممکنہ کردار پر روشنی ڈالی۔