لاہور (جنرل رپورٹر،خصوصی رپورٹر ) محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے ایم ایس گورنمنٹ میاں منشی ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال لاہور ڈاکٹر محمد اختر کو عہدے سے ہٹا دیا۔ گورنمنٹ کوٹ خواجہ سعید ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر انجم رشید کو گورنمنٹ میاں منشی ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال لاہور کے ایم ایس کا اضافی چارج دے دیا گیا۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے غفلت پر ایم ایس گنگارام ڈاکٹر عارف افتخار سے وضاحت طلب کر لی۔ ڈاکٹر عارف افتخار سے سیکرٹری صحت کے گنگارام ہسپتال کے دورہ کے دوران غفلت برتنے پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔ ایم ایس گنگارام ہسپتال کو اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وضاحت پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے میو ہسپتال کا 4گھنٹے طویل دورہ کیا،انہوں نے او پی ڈی میں مریضوں سے ملاقات کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری نے وزیر اعلیٰ کمپلینٹ کاو نٹر پر موجود رجسٹر میں درج شکایت کنندگان سے رابطہ بھی کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، سی ای او پروفیسر ہارون حامد، ایم ایس ڈاکٹر احتشام الحق و دیگر بھی موجود تھے ،صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے رات گئے جناح ہسپتال کا دورہ کیا اور جناح ہسپتال کی ری ویمپنگ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سلینگ اور لائٹنگ کے کام کو بھی جلد مکمل کیا جائے ۔