کوئٹہ (پ ر) پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے صوبائی سیکرٹری وارث افغان، سینئر معاون سیکرٹری ایمل ساروان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات وحدت افغان، صوبائی آفس سیکرٹری زوہیب خان کبزئی اور دیگر نے محکمہ صحت کی جانب سے نرسنگ میل کالج میں نرسنگ کورس کے لیے ژوب اور لورالائی ڈویژن کو محض تین تین سیٹیں مختص کرنے کو ناانصافی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ لورالائی اور ژوب کی نرسنگ میل کالج کی سیٹوں کو بڑھایا جائے۔بیان میں کہا گیا کہ نرسنگ میڈیکل کا ایک اہم شعبہ ہے جو براہ راست مریض کے علاج و معالجے اور اُن کی دیکھ بھال کی ذمہ داریاں پوری کرتا ہے، اور دنیا بھر میں نرسنگ کو ایک اہم شعبہ کے طور پر مانا جاتا ہےلیکن ہمارے صوبے اور ملک میں اس شعبے کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے، لورالائی اور ژوب ڈویژن کی وسیع آبادی اور رقبے کے لیے نرسنگ میل کالج میں محض 6 سیٹیں رکھنا ظلم اور وہاں کے غریب مریضوں کے ساتھ زیادتی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ محکمہ صحت میں پشتون علاقوں کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے عوام اور طلبا میں تشویش پائی جاتی ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ نرسنگ میل کالج میں لورالائی اور ژوب ڈویژن کی سیٹوں کو فوری طور پر بڑھایا جائے۔