• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سی پی پیز پر گیس لیوی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا

اسلام آباد(خالد مصطفیٰ)اسلام آباد ہائی کورٹ (IHC) نے کیپٹیو پاور پلانٹس (CPPs) پر گیس لیوی سے متعلق7 مارچ کا حکومتی نوٹیفکیشن کو معطل کرتے ہوئےاسے طلب کرلیا ہے۔حکومت نے 7مارچ کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے مطابق یہ لیوی فوری طور پر 5فیصد نافذ کی گئی، اور اسے جولائی 2025 تک 10فیصد، فروری 2026تک 15 فیصد، اور اگست 2026تک 20فیصد تک بڑھایا جانا تھا۔پانچ پاور پلانٹس چلانے والی کمپنیوں کی درخواست پر جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزاروں کی پیش کردہ دلیلیں قابل غور ہیں۔ عدالت نے فریقین کو 30اپریل 2025کے لیے نوٹس جاری کیے اور حکمِ امتناعی جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ رعایت تمام قانونی و آئینی استثنیات سے مشروط ہوگی۔درخواست گزار پانچ کمپنیاں محدود ذمہ داری کے تحت مختلف کاروباری سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جن میں قدرتی گیس یا ایل این جی سے کیپٹیو پاور پلانٹس کے ذریعے بجلی کی پیداوار شامل ہے۔ درخواست گزاروں نے سینئر وکیل مخدوم علی خان کے توسط سے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا اور عدالت سے درخواست کی کہ وہ 2025کا آرڈیننس غیر آئینی قرار دے اور حکومت کو کسی بھی قسم کی سخت یا زبردستی کی کارروائی سے روکے جو لیوی کی وصولی کے لیے کی جائے۔
اہم خبریں سے مزید