اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 26 اور 27مارچ 2025کو چار مختلف کارروائیوں میں 11 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ شمالی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن، بھاری اسلحہ برآمد ، تفصیلات کے مطابق، شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا گیا، جس میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور پانچ خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔ اسی علاقے میں کی گئی ایک اور کارروائی کے دوران مزید تین خوارج کو کامیابی سے ہلاک کر دیا گیا۔ شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں ایک اور مقابلے کے دوران دو خوارج کو سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا۔ چوتھی کارروائی جنوبی خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے ایک خارجی کو واصلِ جہنم کر دیا۔