• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ، اسرائیلی بمباری میں حماس ترجمان سمیت 25 شہید، بھوک کے سائے منڈلانے لگے

غزہ (اے ایف پی)غزہ پر اسرائیلی بمباری میں حماس کے ترجمان سمیت 25افراد شہیداور درجنوں زخمی ہوگئے ، اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک نے متنبہ کیا ہے کہ غزہ میں ان کے پاس صرف دو ہفتوں کی غذائی اجناس باقی رہ گئی ہے اور لاکھوں افراد پر بھوک کے سائے دوبارہ منڈلانے لگے ہیں ، حماس نے کہا کہ قابض کی جانب سے تحریک کے رہنماؤں اور ترجمانوں کی شہادت سے ہمارا عزم نہیں ٹوٹے گا۔لبنان کے جنوبی قصبے یوہمور الشقیف میں ایک کار پر اسرائیلی ڈرون حملے میں کم از کم تین افراد شہید ہو گئے، اسرائیل نے جنوبی لبنان کے علاقے دردغایہ میں بھی حزب اللہ کے ایک کمانڈر کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے، مصر کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق، مصری سیکورٹی وفد جمعرات کو دوحہ پہنچ گیا ہے جس کا مقصد غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کو بحال کرنا ہے ۔ مصری سرکاری انٹیلی جنس سروس سے منسلک چینل کی رپورٹ کے مطابق، اس دوران "مستقل جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے میں منتقلی کی تیاری کے لئے غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کے داخلے پر بھی بات چیت ہوگی ۔"تفصیلات کے مطابق حماس جمعرات کے روز بتایا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے میں اس کا ایک ترجمان شہید ہو گیا۔مزاحمتی گروپ نے ایک بیان میں عبداللطیف القانو کے نقصان پر سوگ کا اظہار کیا ، جو شمالی غزہ کےعلاقے جبالیہ میں ایک خیمے پر براہ راست فضائی حملے میں شہید ہو گئے۔حماس کے زیرانتظام غزہ میں وزارت صحت کے مطابق ، جنگ بندی کے بعد ہونے والے اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 855افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ 7اکتوبر 2023کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 50ہزار 208 ہوچکی ہے ۔اسرائیلی فوج نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ اس نے حماس کی داخلی سلامتی کے ادارے کے سربراہ راشد جحجوہ کو ایک فضائی حملے میں شہید کر دیا ہے۔چند روز قبل، حماس نے غزہ کی پٹی میں اپنی حکومت کے سربراہ عصام الدلیس اور وزارت داخلہ کے سربراہ محمود ابو وتفہ کا نام ان اہلکاروں کی فہرست میں شامل کیا تھا، جو اس کے مطابق حملوں میں شہید ہوگئے تھے۔اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس نے حماس کے سیاسی بیورو کے رکن عصام الدلیسکو شہید کر دیا ہے جو جون 2021میں غزہ میں اس کی انتظامیہ کے سربراہ بنے تھے۔
اہم خبریں سے مزید