اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین علامہ راغب نعیمی نےوزیر اعظم شہباز شریف کوتجویز دی ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی پیش کردہ رپورٹس پرپارلیمنٹ میں بحث کرائی جائے اور ان کے عملی نفاذ کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے یہ تجویز گزشتہ روز وزیر ہاؤس میں کونسل کی گولڈن جوبلی تقریب میں اپنے خطبہ استقبالیہ میں دی۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین اور شرعی عدالت کے جج ڈاکٹر قبلہ ایازنے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل ریاست کا مذہبی چہرہ ہے،اسلامی نظریاتی کونسل نے پرتشدد اور مسلح تحریکوں کے خلاف بند باندھتے ہوئے اہم کردار ادا کیا ہے۔علامہ راغب نعیمی نے وزیراعظم سمیت شرکاء کا اسلامی نظریاتی کونسل کی گولڈن جوبلی تقریب میں خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے موقر آئینی ادارے کی تشکیل نہ صرف پاکستان کی تاریخ کا ایک یادگار باب ہے بلکہ یہ کہاجائے کہ پاکستان کے قیام کا جواز فراہم کرنے کا موزوں ترین ادارہ ہے تو یہ مبالغہ نہ ہوگا ، اسلام اور اسلامی نظام کا عملی نفاذ یہی وہ واحد مقصد ہے جس کےلئے مملکت پاکستان معرض وجود میں آئی، اس مقصد کو نفاذ پذیر کرنے کیلئے بانیان پاکستان ،دستوری ماہرین اورعلما کرام نے ہر دستوری دستاویز میں ایسی دفعات کو ناگزیر تصور کیا جو اسلام اور اسلامی تعلیمات کی عکاسی کرتی ہوئی نظر آتی ہوں۔