اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) – جمعۃ الوداع کو دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام “عالمی یوم القدس” بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا۔ فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیل کی مذمت میں ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کیے گئے۔ مرکزی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ قبلہ اول کی آزادی مسلم امہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تفصیلات کے مطابق نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک کے چاروں صوبائی دارالحکومتوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ ان مظاہروں میں مظلوم فلسطینی عوام پر جاری اسرائیلی جارحیت اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کی شدید مذمت کی گئی۔اسلام آباد میں مرکزی القدس ریلیاسلام آباد میں یوم القدس کی مرکزی ریلی امام بارگاہ اثنا عشری، جی سکس ٹو سے نکالی گئی، جسکی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبلۂ اول کی جنگ کسی گروہ، تنظیم یا فرقے کی نہیں، بلکہ پوری امت مسلمہ کی جنگ ہے۔