کراچی(اسٹاف رپورٹر) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام عالمی یوم القدس کی مناسبت سے نمائش تا تبت سینٹر ’’آزادی القدس ریلی‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی،ریلی میں شریک افراد نے فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر "القدس ہمارا ہے"، "اسرائیل مردہ باد"، اور "فلسطین زندہ باد" کے نعرے درج تھے، ریلی کے دوران فلسطینی بچوں، خواتین اور معصوم شہریوں پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی گئی، جبکہ مختلف مقررین نے اسرائیل کو خطے میں دہشت گرد ریاست قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ، احتجاجی ریلی سے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر فخر عباس، ترجمان سندھ حکومت تحسین عابدی، فردوس شمیم نقوی، انجینئر عادل عسکری، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، مولانا قاضی احمد نورانی ، ایڈوکیٹ محمد سعید عباسی ، ایڈوکیٹ رحمان کورائی، مولانا اصغر حسین شہیدی نے خطاب کیا ،مقررین نے شہدائے مقاومت سے تجدید عہد کرتے ہوئے قبلہ اول کی آزادی کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ حماس، حزب اللہ، انصار اللہ یمن سمیت تمام مقاومتی تنظیموں کو سلام پیش کرتے ہیں، بیت المقدس صرف فلسطینیوں کا ہی نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کا مسئلہ ہے اور اسے صہیونی غاصبوں سے آزاد کرانا ہر مسلمان کی دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ رہنماؤں نے عالمی برادری، بالخصوص مسلم حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائیں اور یمن جیسا حوصلہ پیدا کریں ،رہنماؤں نے کہا کہ شہید حسن نصراللہ نے بالکل درست فرمایا تھا کہ اسرائیل کی نابودی اب زیادہ دور نہیں ، انہوں نے مسلم دنیا پر زور دیا کہ وہ صیہونی ریاست کے مظالم کے خلاف اپنی آواز بلند کریں اور فلسطینی عوام کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائیں۔