کراچی( اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے حادثات ،سڑکوں پر چلنے والے تمام غیر رجسٹرڈ واٹر ٹینکرز کو ضبط کرنے کا فیصلہ ،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی صدارت میں کراچی بیوٹی فکیشن ٹاسک فورس کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے حادثات کے پیش نظر سڑکوں پر چلنے والے تمام غیر رجسٹرڈ واٹر ٹینکرز کو ضبط کیا جائے گا،بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے ان شاہراہوں پر ٹریفک قونین کی خلاف ورزی پر جرمانے کیے جائیں گے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ٹاسک فورس میں شامل ڈی آئی جی ٹریفک سے شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کی تفصیلات طلب کیں، انہوں نے کہاکہ بیوٹی فکیشن ٹاسک فورس میں شامل تمام اراکین میونسپل اداروں کی مدد سے صفائی ستھرائی اور بیوٹی فکیشن کے کاموں کی نگرانی کریں گے۔