بھارتی فلم لاپتا لیڈیز کو عربی شارٹ فلم برقعہ سٹی کی کہانی کی نقل کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب 2019ء کی فرانسیسی فلمساز فیبریس بریک کی ہدایت کاری میں بنی برقعہ سٹی کے ایک سین کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔
برقعہ سٹی میں ایک نوبیاہتا شوہر اپنی بیوی کو تلاش کر رہا ہوتا ہے، جو غلطی سے دوسری برقعہ پوش خاتون سے بدل جاتی ہے۔
اسی طرح لاپتا لیڈیز میں مرکزی کردار دیپک اپنی نئی دلہن کو تلاش کرتا ہے، جب وہ ایک دوسری گھونگھٹ میں لپٹی خاتون سے غلطی سے بدل جاتی ہے۔
برقعہ سٹی میں جب مرکزی کردار پولیس افسر کو برقعہ پوش بیوی کی تصویر دکھاتا ہے تو افسر ہنس پڑتا ہے، کیونکہ برقعہ کی وجہ سے چہرہ ناقابل شناخت ہوتا ہے۔
بالکل اسی طرح لاپتا لیڈیز میں روی کشن کا کردار دیپک کی گھونگھٹ پوش دلہن کی تصویر پر ہنسی مذاق کرتا ہے۔
فلم کی کہانی میں اس حد تک مماثلت دیکھ کر شائقین اور سوشل میڈیا صارفین نے شدید مایوسی کا اظہار کیا۔
ایک صارف نے طنزاً لکھا کہ اب بالی ووڈ میں کچھ بھی اصلی نہیں رہا۔
فلم لاپتا لیڈیز کی ہدایت کاری کرن راؤ نے کی ہے اور اسے عامر خان نے پروڈیوس کیا ہے۔ یہ فلم IIFA 2025 میں کئی ایوارڈز جیت چکی ہے۔
اب تک فلم کے ہدایت کار یا پروڈیوسر کی طرف سے نقل کے الزامات پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔