کراچی(نیوزڈیسک)بھارتی فضائیہ کا جیگوار لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی لڑاکا طیارہ ضلع گجرات کے علاقے جام نگر میں گر کر تباہ ہوا۔بھارتی فضائیہ حکام کا کہنا ہے کہ دو نشستوں والا جیگوار لڑاکا طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ حادثے کا شکار ہوا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق طیارہ حادثے میں ایک پائلٹ ہلاک ہوگیا اور دوسرا بحفاظت نکلنے میں کامیاب رہا تاہم وہ بھی زخمی حالت میں ملا۔رپورٹس کے مطابق بھارتی لڑاکا طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا تاہم فضائیہ نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔بھارتی طیارے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارے میں آگ لگی ہوئی ہے۔دفاعی ماہرین کے مطابق طیارہ حادثات بھارتی فضائیہ کی حفاظتی معیار پر سنگین سوالات ہیں، مودی کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے بھارت کا دفاعی نظام کھوکھلا ہو چکا ہے۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی سرکار کی ناکام پالیسیوں اور کرپشن کے سبب بھارتی فضائیہ ہر گزرتے دن کے ساتھ زوال پذیر ہو رہی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 7 مارچ کو ایک ہی دن بھارتی فضائیہ کے دو طیارے گر کر تباہ ہوئے تھے جن میں لڑاکا طیارہ جیگوار شامل تھا۔