اسلام آباد (ایوب ناصر ، خصوصی نامہ نگار ) وفاقی دارالحکومت میں عید کے پہلے ، دوسرے اور آخری روز بھی پارکوں میں شہریوں کا غیر معمولی رش رہا ، لیک ویو پارک اور دامن کوہ پارک کو فیملی پارکس قرار دے دیا گیا تھا، فیملیز کے بغیر شہریوں کو ایف نائن یا دیگر پارکس کا رخ کرنے پر مجبور کیا گیا ، دامن کوہ، لیک ویو پارک، ایف نائن، جاپان پارک میں شہریوں کی تفریح جاری رہی، پارکس میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں موجود تھے ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صاحبزادہ یوسف اور اسسٹنٹ کمشنر محمد علی سرگرم رہے ، نماز مغرب کے بعد تمام پارکوں میں شہریوں کا داخلہ بند کر دیا جائے گیا ،ڈی سی اسلام آباد نے عید کے روز ڈیوٹی کرنے پر ضلعی انتظامیہ کے افسران کو خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ چھٹی کے روز بھی افسران اپنوں سے دور شہریوں کے لیے سڑکوں پر موجود رہے، عرفان میمن نے کہا کہ اسلام آباد پولیس و ضلعی انتظامیہ کی باہمی کوآرڈینیشن سے عید کے تینوں ایام احسن طریقے سے گزرے، عید کے روز ڈی سی اسلام آباد نے مختلف ناکہ جات کا دورہ کیا، انہوں نے اپنی اور ڈیوٹی پر موجود سرکاری عملے کی طرف سےشہریوں کو مبارکباد دی،ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں سے عید ملی اور اہلکاروں میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات احسن انداز میں اختتام پذیر ہوئے، عید کے دوسرے روز بھی پبلک پارکس میں شہریوں کا رش رہا، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس اور ضلعی افسران سڑکوں پر موجود رہے تاہم مری روڈ پر تینوں دن ٹریفک سست روی کا شکار رہی ۔