اسلام آباد ( نیو زرپورٹر) پاکستان شریعت کونسل کے امیر مولانا زاہد الراشدی، جنرل سیکرٹری مولانا عبدالرؤف فاروقی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف محمدی، سیکرٹری اطلاعات حافظ منیر احمد اور دیگر رہنماؤں نے ایچ ای سی کی طرف سے فہم قرآن کریم کورسز کو یونیورسٹیوں کے نصاب کا لازمی حصہ بنانے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد کے اس اقدام کی تحسین کی ہے ،انہوں نے کہا ہے کہ قرآن کریم کو سمجھنا اور اس کی تعلیمات کو عام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ایچ ای سی کا یہ فیصلہ انقلابی قدم ہے جس کے دور رس نتائج نکلیں گے، شریعت کونسل کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی کی طرف سے یونیورسٹیوں کے لیے گائیڈ لائن کا اجراء اور فہم قرآن کے مضمون کو سبجیکٹ کریڈٹ کورسز کے طور پر شامل کرنا اس اقدام کی سنجیدگی کا مظہر ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر جامعات نے اس حوالے سے سنجیدگی دکھائی اور فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا گیا تو اس سے معاشرے میں مثبت تبدیلی آئے گی ،نوجوان نسل کا قرآن کریم کے ساتھ رشتہ مضبوط ہو گا انہوں نے ایچ ای سی کے چیئرمین کو اس حوالے سے علمائے کرام کی طرف سے مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کروائی۔