کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جھالاوان عوامی پینل کے مرکزی رہنما ندیم الرحمٰن بلوچ نے لکپاس دھرنا اسٹیج کو قبائلی رہنماؤں کے خلاف استعمال اور خواتین کو ڈھال بناکر اپنی گرتی ہوئی سیاسی ساکھ بچانے کی ناکام کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے عناصر کو عوام کے سامنے بے نقاب کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ،لانگ مارچ کے دھرنے کے اسٹیج کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال اور ان کی کردار کشی کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے ،یہ بات انہوں نے جمعرات کو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی خواتین کے سروں سے چادر کھینچی یا ان کی بے توقیری کرنے کی کوشش کی گئی ایسے تمام واقعات کی ہم نے مذمت کی اور ہمیشہ کرتے رہیں گے کیونکہ بلوچستان میں خواتین کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا اور معاشرے میں بلند مقام دیا جاتا ہے انہیں کبھی سیاسی مقاصد کے لئے ڈھال کے طورپر استعمال نہیں کیا گیا لیکن آج ایسا کیا جارہا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں، مرد گھروں میں بیٹھ کر خواتین کو ڈھال بناکر مقاصد کا حصول چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کی کال دیکر وڈھ سے مستونگ تک پہنچنے کے بعد اب دھرنا دےکر خواتین کو ڈھال بناکر اپنی ساکھ بچانے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے ،لانگ مارچ کرنے والوں کے ماضی سے بھی بخوبی واقف ہیں، خواتین کے نام پر سیاست کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہید نواب اکبر بگٹی نے لانگ مارچ سربراہ اور ان کے بزرگوں کے بارے میں جو بیانات دیئے تھے وہ تاریخ کا حصہ ہیں ،ہم اپنے رہنماؤں کی کردار کشی کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ماضی میں جن لوگوں کے ذریعے علاقے کا امن تہہ و بالا کیا گیا وہ کالعدم تنظیموں سے وابستہ ہیں، بلوچستان کے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جن کو ناکام بنائیں گے۔