کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)ماہرین صحت نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ متوازن غذا برقرار رکھیں اور ضرورت سے زیادہ میٹھے کے استعمال سے گریز کریں۔ ہومیو پیتھک ڈاکٹر نورین اصغر نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد اچانک بھاری کھانوں کا استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ انھوں نےعلاج کی بجائے احتیاط کو ترجیح دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے شہریوں کو صحت مند طرز زندگی کو برقرار رکھنے کے لیے میٹھے کھانوں کے بجائے پھلوں کا انتخاب کرنے کا مشورہ دیا۔ ڈاکٹر رضا خان بابئی نے کہا کہ عید الفطر کے دوران اکثر صحت سے متعلق کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔ روزوں کے معمول کے بعد اچانک زیادہ اور میٹھے کھانوں کا استعمال کرنا ہاضمہ، پیٹ، معدہ اور صحت کے دیگر مسائل کا باعث بن سکتا ہے ، عید کے دوران سب سے زیادہ عام کیسز میں معدے کے مسائل، فوڈ پوائزننگ اور خاص طور پر ذیابیطس کے مریضوں میں شوگر کی سطح میں اضافہ وغیرہ شامل ہیں۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ عید کے روایتی پکوانوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے احتیاط اور اعتدال کا مظاہرہ کریں۔