راحت فتح علی خان میوزک ٹور کے لیے برطانیہ میں موجود ہیں، بڑے شہروں میں شاندار پرفارمنس دیں گے۔
پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان اپنے میوزک ٹور کے سلسلے میں برطانیہ پہنچ گئے، جہاں وہ برمنگھم، لندن اور مانچسٹر میں مداحوں کو اپنی مدھر آواز سے محظوظ کریں گے۔
لندن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران راحت فتح علی خان نے بتایا کہ محض 12 برس کی عمر میں پہلی بار برطانیہ آیا تھا اور مجھے یہاں کے عوام سے خاص انسیت اور محبت ہے۔
اس مرتبہ کے دورے کی ایک خاص بات یہ ہے کہ ان کے صاحبزادے بھی ان کے ہمراہ ہیں اور پہلی بار کسی بڑے آڈیٹوریم میں اسٹیج پر پرفارمنس دیں گے۔
علاوہ ازیں معروف گلوکار وارث بیگ کے بیٹے عمار بیگ بھی اس میوزیکل ٹور کا حصہ ہیں۔
راحت فتح علی خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فارغ اوقات میں میں مہدی حسن، ملکۂ ترنم نور جہاں، محمد رفیع، کشور کمار اور لتا منگیشکر جیسے لیجنڈری فنکاروں کی موسیقی بڑے شوق سے سنتا ہوں۔
آخر میں انہوں نے اپنے مداحوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی محبت، خلوص اور حمایت ہی میرے فن کی اصل طاقت ہے۔