کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کی درخواست پر ماہانہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ( ایف سی اے) کی مد میں3.02روپے فی یونٹ عارضی ریلیف کی منظوری دیدی، نیپرا نے یہ فیصلہ کے الیکٹرک کی جانب سے جنوری 2025ء میں دی گئی ایک درخواست پر کیا، جس کا اطلاق اپریل 2025 ءمیں ہوگا- ترجمان کےالیکٹرک کے مطابق کراچی کے صارفین کو اپریل 2025ء کے بلوں میں ماہانہ ایف سی اے کی مد میں 2,930ملین روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا، ایف سی اے بجلی کی پیداوار میں استعمال ہونے والے ایندھن کی عالمی قیمتوں میں اُتار چڑھاؤ اور جنریشن مکس میں ہونے والی تبدیلیوں پر منحصر ہے، جس کا اطلاق نیپرا کی جانچ پڑتال اور منظوری کے بعد دیئے گئے فیصلے کے مطابق صارفین کے بلوں پر کیا جاتا ہے اور عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتیں کم ہونے پر صارفین اپنے بلوں میں کمی کا فائدہ اُٹھاتے ہیں۔