لاہور(خصوصی رپورٹر)والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے کوچہ حسین شاہ کی بحالی کے بعد اس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ یہ محلہ حسین شاہ کے نام سے منسوب ہے، جو آنکھوں کے علاج میں مہارت کے لیے مشہور تھے۔ روایت ہے کہ ان کے پاس ایک خاص سرمہ تھا جو بینائی بحال کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔ منصوبہ حکومتِ پنجاب کی مالی معاونت سے 2021 میں منظور ہونے والی سالانہ ترقیاتی اسکیم (اے ڈی پی)کے تحت شروع کیا گیا۔ ڈبلیو سی ایل اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر کنزرویشن اینڈ پلاننگ مبشر الحسن کے مطابق، اس منصوبے میں 31 عمارات اور 400 میٹر طویل گلیوں کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی شامل تھی۔