• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی محکمہ دفاع نے ڈی ای آئی پروگراموں کو ختم کرنا شروع کر دیا

دبئی (سبط عارف) امریکی محکمہ دفاع نے سرکاری طور پر فوج کے تمام ’’تنوع، مساوات، اور شمولیت‘‘ (ڈی ای آئی) پروگراموں کو ختم کرنا شروع کر دیا ہے۔ یہ پروگرام زیادہ تر صدر بائیڈن کی حکومت کے دوران متعارف کرائے گئے تھے تاکہ اقلیتی گروہوں بشمول ایل جی بی ٹی کیو پلس کمیونٹی، کی حمایت کی جا سکے۔ یہ اقدام 29 جنوری 2025 کو جاری کی گئی ہدایت کے بعد کیا گیا ہے، جو کہ امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے ’’امریکہ کی جنگی صلاحیت کی بحالی‘‘ کے عنوان سے جاری کی تھی۔ امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ایک خصوصی نو رکنی ٹاسک فورس، جس کی سربراہی آرمی کے سابق اہلکار اور سینئر دفاعی عہدیدار جُولز ڈبلیو ہرسٹ تھری کر رہے ہیں، اس وقت فوجی اڈوں اور عسکری تعلیمی اداروں کا دورہ کر رہی ہے تاکہ اس نئی پالیسی پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ ٹاسک فورس کا کام یہ ہے کہ وہ ’’تنوع، مساوات، اور شمولیت‘‘ دفاتر کے خاتمے کو یقینی بنائے اور اس بات کی تصدیق کرے کہ فوجی تربیت اور بھرتی اب نسل، جنس یا جنسی شناخت کی بنیاد پر نہیں، بلکہ مکمل طور پر کارکردگی اور صلاحیت کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید