کراچی( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور مرکزی کمیٹی کے رکن سید امین الحق سے مرکز بہادرآباد پر اورنگی ٹاؤن ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں اورنگی ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے وفد میں جنرل سیکریٹری شہباز نومی، سینئر وائس پریذیڈنٹ عبدالقادر شیخانی ، وائس پریذیڈنٹ عدنان احمد خان و دیگر اراکین موجود تھے۔ملاقات کے دوران اورنگی ٹاؤن ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے ایم کیو ایم کی جانب سے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف پر بجلی کے نرخوں میں کمی کے لئے زور دینے پر شکریہ ادا کیا، کراچی کے عوام کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کا تحفہ دینے پر شکریہ ادا کیا اور اورنگی ٹاؤن میں تاجروں کو درپیش دیگر مسائل پر گفتگو کی۔اس موقع پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا بڑھتے ہوئے ایم کیو ایم ایک مڈل کلاس طبقے کی نمائندگی جماعت ہے اور ہم کو اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ مہنگائی کے دور میں عام عوام کیلئے گزر بسر کرنا کتنا مشکل ہوا ہے، ایم کیو ایم جب سے اس حکومت کا حصہ ہے اس وقت سے ہم جب بھی وزیراعظم سے ملاقات کرتے ہیں تو ہمارا پہلا مطالبہ ہی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا ہوتا ہے جو کے اب کچھ کچھ پورا بھی ہورہا ہے۔