بالی ووڈ کے ڈائریکٹر امر کوشک نے اداکارہ شردھا کپور کو بلاک بسٹر ہارر فلم ’استری‘ میں چڑیل کے کردار کے لیے منتخب کرنے کی دلچسپ وجہ سے پردہ اُٹھا دیا۔
خیال رہے کہ 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم استری کا سیکوئل گزشتہ برس ریلیز کیا گیا جس نے باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کیا۔ دونوں فلموں میں اداکارہ شردھا کپور نے چڑیل کا کردار نبھایا ہے۔
اب حال ہی میں فلم کے ڈائریکٹر امر کوشک نے ایک انٹرویو کے دوران شردھا کپور کو فلم استری میں کاسٹ کرنے کے حوالے سے بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ استری میں شردھا کپور کی کاسٹنگ کا کریڈٹ فلم پروڈیوسر دینیش وجن کو جاتا ہے، ان دونوں کی ملاقات ایک فلائٹ کے دوران ہوئی تھی۔
ڈائریکڑ کے مطابق شردھا سے ملنے کے بعد دینیش وجن نے مجھ سے کہا کہ شردھا جب ہنستی ہے تو ایک دم استری یعنی چڑیل کی طرح ہنستی ہے اور جب میں شردھا کپور سے ملا تو سب سے پہلے میں نے ان سے ہنسنے کا کہا اور پھر انہیں اپنی فلم میں کاسٹ کیا۔
اس کے بعد انہوں نے اداکارہ سے معذرت کرتے ہوئے سوری شردھا بھی کہا۔ تاہم ہدایت کار کا مذکورہ تبصرہ شردھا کپور کے مداحوں کو ایک آنکھ نہ بھایا اور انہوں نے ہدایت کار کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ اس فلم کی کاسٹ میں اداکار راج کمار راؤ، اداکارہ شردھا کپور، اپرشکتی کھرانہ، ابھیشیک بینرجی اور پنکج تریپاٹھی شامل تھے۔
شردھا کپور کی فلم استری 2 نے شاہ رخ خان کی فلم جوان اور رنبیر کپور کی فلم اینیمل کو باکس آفس کی دوڑ میں پیچھے چھوڑتے ہوئے 600 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔