کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کو قدرت نے بیش بہا نعمتوں سے نوازا ہے،یہاں کے قدرتی وسائل، خوبصورت ساحلی مقامات اورجغرافیہ کی بہت زیادہ اہمیت ہے، بلوچستان ترقی کرے گا توپاکستان ترقی کرے گا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے اور صوبے میں کاروباری ماحول بہتر بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ہمیں بہت سی کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ملکی سرمایہ کار ایل پی جی ٹرمینل حب میں نصب کر رہے ہیں۔ حب اسپیشل اکنامک زون پی پی موڈ میں جا رہا ہے جس کے باعث مقامی بزنس ترقی کرے گا۔ اور ڈیڑھ لاکھ کے قریب روز گار کے مواقع پیدا ہونگے۔ بوستان میں بڑی فیکٹریاں لگنے جا رہی ہیں۔ حب میں وسیع وعریض ٹورازم سٹی بنارہے ہیں جس میں لاہورسمیت دیگر شہروں کے سرمایہ کار اپنا سرمایہ لگائیں گے۔ بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ نے 15ممالک کے سفیروں کی میزبانی کی اور انہیں بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔ جس پر انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنی سرمایہ کاری کریں گے حب اور بوستان میں انہوں نے سرمایہ کاری کی حامی بھری ہے ہماری کوشش ہے کہ اسے دیگر علاقوں تک وسعت دی جائے۔