کوئٹہ(خ ن) ایڈیشنل آئی جی پی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری آغا محمد یوسف نے کہا ہے کہ پولیس ملک و قوم کی حفاظت کیلئے بھر پور کردار ادا کررہی ہے آفیسران اور جوان اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھارہے ہیں۔ امن وامان برقرار رکھنے کیلئے فرائض کی بجا آوری کیلئے بلوچستان کانسٹیبلری ہمہ وقت چوکس رہتی ہے پولیس کی ملازمت ایک اہم فرض کے ساتھ ساتھ ملک وقوم کی خدمت کا ذریعہ ہے۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سابق زونل کمانڈر نصیب اللہ کا کڑکے اعزاز میں ہیڈ کوارٹر بدر لائن میں پر تکلف الوداعی پارٹی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری لیفٹیننٹ کمانڈر (ر)عطا اللہ شاہ اور کوئٹہ زونز کے تمام زونل کمانڈرز ، ونگ کمانڈرزاسسٹنٹ ڈائریکٹر اسد اللہ سمیت دیگر آفیسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل آئی جی پی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری آغا محمد یوسف نے کہا کہ پولیس کے جوان اور آفیسران سروس کے ابتداء سے ملک و قوم کی خدمت کا حلف اٹھا کر اپنی جانوں کے نذرانہ پیش کرنے کیلئے فرائض کی بجا آوری کو احسن طریقے سے نبھارہے ہیں بلوچستان کانسٹیبلری کی خدمات اور کارکردگی ہمیشہ نمایاں رہی ہے بلوچستان میں امن وامان کی مخدوش صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے پیشہ ورانہ ذمہ داروں فرنٹ لائن پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمت کے دوران اچھی کارکردگی ریٹائرمنٹ کے بعد ہمیشہ یاد رکھی جائیگی ۔ دنیا کی زندگی ایک مختصر زندگی ہے اور اللہ کی مخلوق سے اچھا برتا آخرت والی زندگی کو خوشگوار بنانے کا ذریعہ ہے۔