کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام صوبائی امیر حافظ محمد ادریس مغل کی قیادت میں غزہ میں نہتے مسلمانوں پر مظالم اور او آئی سی کے مایوس کن کردار کے خلاف پیر کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر مظاہرئے کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور غزہ مین جاری مظالم کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے ۔مظاہرے سے صوبائی امیر حافظ محمد ادریس مغل ، مولانا عبیداللہ ، مومن خان سرمستانی ، میر شکر خان رئیسانی سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کا مقصد غزہ کے مسلمانوں کی پکار عالم اسلام تک پہنچانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر ہونیوالے مظالم پر او آئی سی کا کردار بھی مایوس کن ہے ۔ غزہ لہو لہو ہے ایسے میں پورئے عالم اسلام کو ان مظالم کے خلاف کھڑے ہونا ہوگا تاکہ نہتے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا راستہ روکا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے خواتین ، بچوں اور بزرگوں کو شہید کردیا ہے جس کی مہذب دنیا میں مثال نہیں ملتی ان مظالم اور اسرائیلی مظالم کو روکنے کے لئے مسلم ممالک کو متحد ہوکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو ان حالات میں نہتے فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف یک زبان ہوکر فلسطینیوں کا ساتھ دینا ہوگا ۔