راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)تھانہ چکلالہ کے علاقہ میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلہ میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔پولیس کے مطابق پولیس نے مشکوک گاڑی کو روکا تو اس میں سوار ملزموں نے گاڑی بھگانے کی کوشش کی۔ اس دوران چاروں ملزموں نے گاڑی سے اتر کر پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے دوران ایک ملزم ہلاک ہو گیا،ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی، جب کہ اس کے دیگرساتھی فرار ہوگئے ۔پولیس نے ملزموں کے زیراستعمال گاڑی اور اسلحہ قبضہ میں لے لیا۔دریں اثناء ہلاک ہونے والے ملزم کے قبضہ سے ملنے والا شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس جعلی نکلا،ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی اصل شناخت شکیل کیانی کے نام سے ہوئی،جو گزشتہ پانچ سال سے پنجاب کے انتہائی مطلوب ڈاکوؤں کی فہرست میں شامل تھا۔ اس نے اپنی شناخت چھپانے کے لئے آصف کے نام سے جعلی شناختی کارڈ بنا رکھا تھا۔