راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)عدالتی اہل کار کو قتل کرنے والے ملزم اور اس کے ساتھیوں نے مقتول کے بھائی اور مقدمہ کی پیروی کرنے والے افراد کی زندگیاں اجیرن کردیں ۔مقدمہ کے مدعی مقتول کے بھائی کو قتل کرنے کی دھمکیاں اور پیروی کرنے والے افراد کوغیرملکی نمبر سے کالیں کرکے بھتہ طلب کرلیاگیا۔کرسچن کالونی موہڑہ فقیراں کے رہائشی داؤدصادق نے آئی جی پولیس پنجاب کودی گئی درخواست میں مؤقف اختیارکیاکہ تھانہ دھمیال کے علاقہ میں 22فروری 2025کواس کے بھائی عروج وکٹرجوڈسٹرکٹ جوڈیشری میں بطور پیادہ کام کررہاتھا کوملزم خیرمحمد عرف عابد پٹھان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ قتل کردیاتھا۔اس کیس میں سائل مدعی اور چشم دیدگواہ ہے۔مجھے راستے سے ہٹانے کے لئے ملزم خیرمحمدعرف عابد پٹھان نے مجھ پر قاتلانہ حملہ کروایا۔موٹرسائیکل پرسوار ملزموں نے میرے گھر کے قریب مجھ پر فائرنگ کی ، خوش قسمتی سے میں معجزانہ طور پر بچ گیا۔عابد پٹھان کابھتیجا اسامہ خان جو ملائیشیامیں مقیم ہے میرے ساتھ چلنے والے راجہ کامران اور حسن کو مبینہ طور پر مختلف نمبروں سے کالیں کرکے بھتہ مانگ رہاہے اور دھمکیاں دے رہاہے ۔ درخواست ہے کہ پولیس ملزموں کوجلدازجلد گرفتارکرئے۔