اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے، خصوصی نامہ نگار) یوم انہدام جنت البقیع مزارات کی بحالی کے عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ و ذیلی تنظیموں کی جانب سے ماتمی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں ۔ ٹی این ایف جے کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی نے کہاکہ جنت البقیع وجنت المعلٰی سمیت مقامات مقدسہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔خوارج کے خلاف پاک فوج کے آپریشن کی بھرپور تائید کرتے ہیں، پوری قوم فوج کا ساتھ دے۔ ملک بھر سمیت بلوچستان میں جاری دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے۔دریں اثنا راولپنڈی میں بقیع ملین مارچ ریلی ناصر العزاراولپنڈی مری روڈسے نکالی گئی جس میں عاشقان رسالت ؐ نے شرکت کی۔ ریلی امام بارگاہ کرنل مقبول حسین میں اختتام پذیر ہوئی۔ دوران جلوس کمیٹی چوک میں ٹی این ایف جے کے سیکرٹری اطلاعات علامہ قمر زیدی اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔دربار سخی محمود بادشاہ اسلام آباد سے نکالی جانے والی ریلی میں بھی ہزاروں افراد نے شرکت کی جو سری نگر ہائی سے گزر کر آبپارہ چوک پہنچی جہاں سیکرٹری جنرل علامہ بشارت امامی نے خطاب کیا۔ ریلی کی قیادت سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغاسید حسین مقدسی نےکی ۔آبپارہ چوک میں ان کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا۔دریں اثناء مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع اسلام آباد عزادری ونگ کے زیر اہتمام بھی یوم انہدام جنت البقیع کی مناسبت سے اور غاصب اسرائیل کی غزہ کے مظلوم مسلمانوں پر جاری بربریت کے خلاف نیشل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین عزاداری کونسل کے مرکزی صدر ملک اقرار حسین علوی نے کہا کہ آج بھی شب و روز غزہ کے معصوم بچوں اور نہتے شہریوں پر آگ و بارود کی بارش کی جارہی ہے۔ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ سید زاہد کاظمی، مجلس علماء مکتب اہلبیت کے رہنما علامہ اصغر عسکری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔