بالی ووڈ کے سینئر اداکار سنی دیول نے بالآخر اس سوال کا جواب دے دیا جس کا شائقین کئی برسوں سے انتظار کر رہے تھے، ’کیا وہ شاہ رخ خان کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کو تیار ہیں؟‘
یاد رہے کہ دونوں اداکاروں نے 1993 کی سپر ہٹ فلم ’ڈر‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا لیکن فلم کی ریلیز کے بعد خبریں آئیں کہ سنی دیول شاہ رخ خان کے کردار کو زیادہ سراہے جانے پر ناراض ہو گئے تھے، جس کے باعث دونوں کے تعلقات کشیدہ ہوگئے۔
تاہم حال ہی میں پنک ولا کو دیے گئے انٹرویو میں سنی دیول نے کہا، ’میں شاہ رخ کے ساتھ ضرور کام کرنا چاہوں گا۔ ہم نے ایک فلم ایک ساتھ کی تھی، تو شاید اب ایک اور فلم کی جا سکتی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’فلم کرنا یہ اچھا ہوگا کیونکہ اُس وقت کا ماحول مختلف تھا اور اب کا وقت مختلف ہے، تو یقیناً اب کچھ نیا ہو سکتا ہے۔‘
انہوں نے فلم انڈسٹری کی موجودہ صورتحال پر بھی بات کی اور کہا، ’پہلے دور میں ڈائریکٹرز کا پورے پروجیکٹ پر کنٹرول ہوتا تھا۔ آج کل ایسا نہیں ہے، ہم اب ویسی کہانیاں نہیں بنا رہے جو اداکاروں کی امیج کے مطابق ہوں حالانکہ یہ بہت ضروری ہے۔‘
اس سے قبل بھارتی میڈیا کو اپنے ایک انٹرویو میں سنی دیول نے فلم ’ڈر‘ سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا، ’آخر میں لوگوں نے فلم میں مجھے بھی پسند کیا اور شاہ رخ خان کو بھی۔ میرا واحد مسئلہ یہ تھا کہ فلم میں ولن کو زیادہ اُجاگر کیا گیا، جس کی مجھے پہلے سے اطلاع نہیں دی گئی تھی۔‘